اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد پر انتخابات ملتوی کرنے سے معذرت کرلی اور کہا اس مرحلے پر عام انتخابات کو ملتوی کرنا مناسب نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سے متعلق سینیٹ سیکریٹریٹ کو خط لکھا، سینٹ کو یہ خط ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن پاکستان سید ندیم حیدر کی جانب سے ارسال کیا گیا۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے سینٹ کی قرارداد نمبر 562 پر جواب جمع کرایا، جس میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد کا اجلاس میں جائزہ لیا، 5 جنوری 2024 کے ساتھ سینیٹ کی طرف سے منظور کردہ قرارداد نمبر 562 کاپی کے ساتھ اس کمیشن کو بھجوائی گئی، اس معاملے پر کمیشن کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
خط میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر پاکستان کی مشاورت سے 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ مقرر کی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے، کمیشن نے نگراں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سیکیورٹی بہتر بنانے اور عام انتخابات پرامن/قابل اعتماد انعقاد کے لیے ووٹرز کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔
خط میں کہنا تھا الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات کر لیے ہیں، 8 فروری 2024 کو عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے اگست کو سپریم کورٹ میں کمٹمنٹ بھی جمع کرائی ہے۔
الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ ماضی میں عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات سردیوں کے موسم میں ہوتے رہے ہیں، کمیشن کے لیے اس مرحلے پر عام انتخابات 2024 کو ملتوی کرنا مناسب نہیں ہوگا۔