اسلام آباد : بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں واپس لوٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے3 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے بجلی صارفین سے بجلی کے بلوں کی مد میں وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سی پی پی اے نے نیپرا میں دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کردی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کا کہنا ہے کہ دسمبر میں بجلی کمپنیوں کو 7 ارب 51کروڑ 60لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔
بجلی کی فی یونٹ لاگت 9روپے 60پیسے فی یونٹ رہی، دسمبر کے لیے ریفرنس فیول لاگت10روپے63پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 30 جنوری کو سماعت کرے گا۔
مزید پڑھیں : آئی پی پیز معاہدے، بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دی گئی تھی، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے۔
نظر ثانی شدہ معاہدوں کی رو سے 14 آئی پی پیزکے ساتھ بات چیت کی گئی، آئی پی پیز کے منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویز منظور کی گئی۔
آئی پی پیز سے گزشتہ برسوں کےاضافی منافع کی مدمیں35ارب کی کٹوتی کی جائے گی، معاہدوں کے قابل اطلاق رہنے تک حکومت کو 1.4کھرب روپے کا فائدہ ہوگا۔