پیر, جنوری 27, 2025
اشتہار

بھارت: بجلی میٹر بدلنے کے نام پر بینک اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کا پردہ فاش

اشتہار

حیرت انگیز

بارہ بنکی: بھارتی ریاست اترپردیش میں بجلی کا میٹر بدلنے کے نام پر شہریوں کے بینک اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کا پردہ فاش ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے علاقے حیدر گڑھ میں ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش ہو گیا ہے جو گھروں میں بجلی کے میٹر تبدیل کرنے کے بہانے گھر والوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکال لیتے تھے۔

بارہ بنکی پولیس نے بجلی میٹر درست کرنے کے نام پر دھوکا دہی کرنے والے گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان میں سے ایک لاک ڈاؤن سے قبل بیرون ملک سے لوٹا تھا، ملزمان سے بجلی کے میٹر اور متعدد الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کیے گئے۔

- Advertisement -

ملزمان کے متعلق یہ انکشاف ہوا کہ وہ خصوصی طور پر ان گھروں کو نشانہ بناتے تھے جن میں صرف خواتین موجود ہوتی تھیں، پولیس کے مطابق کوتوالی حیدر گڑھ کے گاؤں املہرا کی رہائشی خاتون دھن راجا کی شکایت پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ 14 جولائی کو 2 افراد موٹر سائیکل پر اس کے گھر میٹر درست کرنے آئے اور تھمب امپریشن لیا تو اس کے کھاتے سے 10 ہزار روپے نکل گئے، پولیس نے شکایت کی تحقیقات کرتے ہوئے جمعے کو قاضی پور موڑ سے رائے بریلی کے رشبھ تیواری، شیوم سنگھ اور ہری کیش کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ لمبے عرصے سے بجلی کا میٹر درست کرنے کے نام پر دھوکا دہی کرتے آ رہے ہیں، پولیس کے مطابق تینوں ملزمان پہلے ریکی کرتے تھے کہ کس گھر میں صرف عورتیں ہی رہتی ہیں، اس کے بعد دوپہر کے وقت یہ لوگ بجلی کے محکمے کے ملازم کے روپ میں وہاں پہنچ جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان خواتین سے شناختی کارڈ لے کر ایک مشین پر تھمب امپریشن لگواتے تھے، پھر بینک کا نام پوچھ کر اندازے کے لیے سو دو سو روپے نکالتے، رقم کا اندازہ ہونے پر اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں