واشنگٹن : امریکی میڈیا کی جانب سے ایلون مسک کی ٹیسلا گاڑیوں کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے، ٹیسلا کمپنی کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا معاہدہ زیر غور ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ ایلون مسک کی ٹیسلا کمپنی کو 400ملین ڈالرز کا کنٹریکٹ دینے والا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ ٹیسلا کمپنی کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدے گا، امریکی خبر رساں ادارے ڈراپ سائٹ نے سرکاری دستاویزات شائع کردیں۔
’’آرمرڈ ٹیسلا‘‘نے ٹرمپ کے انتخاب کے بعد 400 ملین کا معاہدہ جیتنے کی پیشگوئی کی ٹیسلا امریکی محکمہ خارجہ کا سب سے بڑا معاہدہ متوقع طور پرحاصل کرلے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا فی الحال کوئی جواب نہیں دیا ہے، سرکاری دستاویزات کے مطابق ’’ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے‘‘
ایلون مسک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حکومتی فنڈز کے استعمال میں مکمل غیر جانبداری برقرار رکھیں گے اور مفادات کے ٹکراؤ کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایلون مسک جیسے ارب پتیوں کے اثر و رسوخ کو ایک ”بڑی تشویش‘‘ قرار دیا تھا۔
اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کے اجراء سے قبل ایک انٹرویو میں میرکل نے کہا کہ سیاست کا ایک اہم اور حتمی فریضہ عام اور طاقتور شہریوں کے مفادات میں توازن پیدا کرنا ہے۔