برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو سے دوران میچ نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو دبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو کے کوچ کا کہنا تھا کہ وہ شخص ٹینس اسٹار کا 4 ممالک میں پیچھا کرتا رہا، ابتدا میں ہم سمجھے کہ یہ محض مداح ہے مگر رفتہ رفتہ وہ شخص خاتون کھلاڑی کے جسمانی طورپر قریب آیا، سیلیفیاں لیں اور سکیورٹی گارڈ نہ ہونے کا موقع پا کر نوجوان کھلاڑی سے لپٹ گیا۔
کوچ کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں میچ کے دوران اس شخص کو دیکھ کر ایما راڈوکانو پھوٹ پھوٹ کر روپڑی تھیں، ٹینس اسٹار نے امپائر کو شکایت لگائی جس کے بعد ہراساں کرنیوالے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے اس سے قبل ٹینس اسٹار نواک جوکووچ گراؤنڈ میں آٹو گراف دینے کے دوران حملے کا شکار ہوگئے تھے، جس پر انہیں فوری طور پر گراؤنڈ سے باہر منتقل کردیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کے سرپر آٹو گراف دینے کے دوران پانی کی بوتل مار دی گئی تھی۔
ٹینس اسٹار نواک جوکووچ اٹالین اوپن کے میچ کے اختتام کے بعد آٹوگراف دے رہے تھے تب انہیں سر کے پیچھے زور سے بوتل لگی۔ ٹینس اسٹار کو درد کی وجہ سے گراؤنڈ فوری چھوڑنا پڑا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ٹینس اسٹار اونس جیبیور غزہ کے بچوں کو یاد کرکے بے اختیار رو پڑیں
منتظمین کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کے ذریعے اس بات کا تعین کررہے ہیں کہ بوتل حادثاتی طور پر گر کر لگی یا جان بوجھ کر ماری گئی۔ ٹینس اسٹار کو اس واقعے کے بعد طبی امداد دی گئی، وہ اپنے ہوٹل میں ہیں اور ان کی حالت باعث تشویش نہیں۔
ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فکر مندی کے پیغامات پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ایک حادثہ تھا، میں ٹھیک ہوں۔