تازہ ترین

‘بچت کے نام پر پوری بجلی بھی بند کردیں تب بھی بل میں پیسے لگ کر آئیں گے’

اسلام آباد : ماہر توانائی ڈاکٹر زبیراحمد کا کہنا ہے کہ چند گھنٹے شاپنگ مالز بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا، بچت کے نام پر پوری بجلی بھی بند کردیں تب بھی بل میں پیسے لگ کر آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ماہر توانائی ڈاکٹر زبیراحمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں حکومت کے توانائی بچت پروگرام کے حوالے سے کہا کہ کاروبار معیشت کاسب سےاہم حصہ ہے،دکانیں کھولناعیاشی نہیں، چیزیں دکانوں پرنہیں بکیں گی توفیکٹریاں بندہوجاتی ہیں۔

ڈاکٹر زبیر احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کےموجودہ اقدامات معیشت کےخلاف جارہےہیں، عیاشی حکومتی دفاتر میں ہوتی ہے، وہاں انرجی کا ضیاع ہوتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہمارے ملک کی لائن لاسز 22 فیصد ہے جو حیران کن ہے، چند گھنٹے شاپنگ مال بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا یہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، اصل مسئلہ کیپسٹی پیمنٹ کا ہے، اسے حل نہیں کیا جارہا۔

ماہر توانائی نے کہا کہ بچت کے نام پر پوری بجلی بھی بند کر دیں تب بھی بل میں پیسے لگ کرآئیں گے، پی ایم ٹی کا طے کردہ لوڈ ہوتا ہے جس کا بوجھ اب صارف پر آئے گا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر احمد کا کہنا تھا کہ یہ ایک ہیرپھیرہےجس کا خمیازہ عوام بھگت رہےہیں، اب جن کے کاروبار بند ہوگئے ہیں ان کو بھی بل ادا کرنے پڑیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف جگہوں پرلوگوں نےمیٹراورٹرانسفامرواپس کردیےہیں، یہ حکومت صرف ہماری آنکھوں میں ریت پھینک رہی ہے، ان اقدامات سے توانائی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لائن لاسزختم کرنا ہوں گے۔

ماہر توانائی نے کہا کہ پاکستان کا جتنا معاشی بحران ہے اتنا ہی توانائی کا بحران ہے، جس طرح ملکی معیشت ڈوب رہی ہے اسی طرح انرجی ڈوب رہی ہے۔

Comments

- Advertisement -