اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد توانائی کے شعبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلیے 18 رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر کے 12 اہم ٹاسک دے دیے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو 3 ہفتے میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔ اعلیٰ سطح کمیٹی میں 6 وفاقی وزرا، 6 وفاقی سیکریٹری اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں جبکہ آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی کا فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت توانائی شعبے کے اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کو حل کرنے کیلیے تجاویز تیار کرے گی جبکہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلیے مالیاتی نظام کا جائزہ لے گی۔

- Advertisement -

18 رکنی کمیٹی پیٹرولیم پالیسی 2012  اور ٹائٹ گیس پالیسی 2024 کو عملی شکل دے گی، ایل این جی کارگوز کیلیے بینچ مارکنگ پورٹ چارجز کی تجاویز تیار کرے گی جبکہ پیٹرولیم ڈویژن کمیٹی کو سیکرٹریٹ معاونت فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز پیٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے پاکستان میں آئندہ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے پیٹرولیم و گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی تھی۔ اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم کی شعبے کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے پیٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیاں آئندہ تین برس میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش اولین ترجیح ہے، مقامی پیداوار سے عام آدمی کیلیے ایندھن اور گیس سستے ہوں گے۔

ملاقات کے دوران وفد نے شہباز شریف کو بتایا تھا کہ تین سال میں دو سو چالیس مقامات پر کھدائی کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی تھی جو ذخائر کی تلاش کیلیے تجاویز مرتب کرے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں