گجرات : انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بھارتی سورماؤں کو ان کی سرزمین پر دھول چٹادی، پہلے ٹی 20میچ میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی-20 میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے با آسانی ہرا دیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 124 رنز بنائے تھے جسے انگلینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بھارت کے 124 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی اوپننگ کافی اچھی رہی۔ جیسن رائے اور جوز بٹلر نے پہلی وکٹ کے لیے 8 اوورز میں 72 رنز کی پارٹنرشپ کر کے جیت کی بنیاد رکھ دی۔
جیسن رائے بدقسمتی سے اپنی نصف سنچری سے محض ایک رن سے محروم رہ گئے اور واشنگٹن سُندر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے 32 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 49 رنوں کی اننگ کھیلی جبکہ جوز بٹلر 27 رن بنا کر یزویندر چہل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ڈیوڈ ملا اور کپتان ایون مورگن نے مزید کسی نقصان کے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ ڈیوڈ ملان نے 24اور مورگن نے 26 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے یزویندر چہل اور واشنگٹن سُندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی تھی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن شریس ایر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بہتر کاکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا اور بھارتی ٹیم 124 رنز ہی بنا سکی۔
بھارتی بلے باز ورات کوہلی کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد رشبھ پنت کریز پر آئے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی لیکن ان کی اننگ زیادہ دیر تک نہ چلی اور وہ بھی 23 گیندوں میں 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں بین اسٹوکس نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے انہوں نے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عادل راشد، مارک ووڈ، کرس جارڈن اور بین اسٹوکس نے ایک ایک وکٹ لی۔