کارڈف: میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آئی لینڈرز نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کامیاب بلے باز دسون شانکا رہے جنہوں نے 44 گیندوں پر نصف سینچری اسکور کی، ان کی اننگز میں تین چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، کسل پریرا 30 اور ڈینوشکا گناتیلکا نے 19 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن اور عادل راشد نے دو دو وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی
جواب میں انگلینڈ نے ہدف کو 17 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، انگلینڈ کی جانب سے جاز بٹلر نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے، جیسن رائے نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، سری لنکا کی جانب سے دوشمنتھا چمیرہ اور ایسرو اڈانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،
جاز بٹلر کو شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اسی فتح کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا۔