ممبئی : شادی ہال میں آتشزدگی کے باوجود کھانا نہیں چھوڑا، شادی کے کھانے میں مگن شخص کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر شادی کی تقریبات سے متعلق اکثر ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں اور زیادہ تر ان وائرل ویڈیوز کا تعلق بھارت سے ہوتا ہے جہاں دلہن کے بھاگنے، خود گاڑی چلانے یا پھر دلہا کو تھپڑ مارنے کی ویڈیوز آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں لیکن اس بار دلہا دلہن کے بجائے باراتیوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کو اس بار تو ایک نئی چیز دیکھنے کو ملی کہ جسے دیکھنے بعد ان کا یہ فیصلہ کرنا مشکل ہورہا ہے کہ "حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پیٹوں جگر کو میں”
ہوا کچھ یوں کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر بھیونڈی کے انصاری میرج ہال میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران باراتی ’شادی کا کھانا‘ کھانے میں مصروف تھے کہ اچانک ان کے پیچھے خطرناک آگ بھڑک اٹھتی ہے جس سے لوگ فوراً کھانا چھوڑ کر اپنی نشستوں سے اٹھ جاتے ہیں۔
Wedding pandal catches fire. The guest is torn between checking it out and gobbling the delicious meal.#bhiwandi
pic.twitter.com/X2w28yKbRi— Musab Qazi (@musab1) November 29, 2021
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی ہال میں موجود دو افراد کے عقب میں مارکی سے شعلے بلند ہو رہے ہیں لیکن وہ سکون سے کھانے میں مگن ہیں۔
وائرل ویڈیو میں موجود سفید شرٹ والا شخص مخمصے کا شکار لگ رہا ہے کہ کھانے پر توجہ دی جائے یا شادی ہال کو لگی آگ پر؟ پھر وہ کھانے سے لطف اندوز ہونا جاری رکھتا ہے اور کبھی کبھار سر موڑ کر اندازہ لگاتا ہے کہ آگ ابھی کتنی دور ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق آگ انصاری میرج ہال کے اسٹور روم میں رات 10 بجے کے قریب لگی جس سے وہاں موجود کرسیاں بھی مکمل طور پر جل گئیں تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق فائر سروس والوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی البتہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچوں کی جانب سے پٹاخے چھوڑنے کے باعث وہاں موجود پردوں کو آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ کمنٹس کیے جارہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ’’آگ لگی بستی میں اور ہم اپنی مستی میں”۔ جب کہ ایک صارف نے عامر خان کی فلم "تھری ایڈیٹس” کا مشہور جملا شیئر کیا ’’ہٹاو یار مٹر پنیر پر فوکس کرو‘‘۔