اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چینی کی وافر دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم،چینی کی صورت حال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی،قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آٹاعوا م الناس کی بنیادی ضرورت ہے،دستیابی اور مناسب قیمت پر میسر آنے کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے ساتھ سرکاری طور پر بھی گندم کی درآمد کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے چیف سیکرٹریز کو گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ گندم، آٹا نرخ ملک میں یکساں سطح پر لانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی کی وافر دستیابی اورمناسب قیمت کو یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ کے عمل کا آغاز بروقت کیا جائے،کرشنگ کے عمل کے آغاز میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر درآمدسے متعلق منصوبہ بندی،انتظامات مکمل کیے جائیں۔