تازہ ترین

عمران خان کی گرفتاری پر یورپی یونین کا ردعمل آگیا

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد سے گرفتاری پر یورپی یونین کا ردعمل آگیا۔

ترجمان یورپی یونین خارجہ اُمور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین زور دیتی ہے کہ ایسے مشکل اور کشیدہ وقت میں تحمل کی ضرورت ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے صرف پاکستانی خود نمٹ سکتے ہیں۔

یورپی یونین نے کہا کہ چیلنجز سے مخلصانہ بات چیت اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے۔

آج عمران خان مختلف کیسز میں ضمانت حاصل کرنے کیلیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے جہاں رینجرز نے انہیں احاطہ عدالت سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا۔

نیب نے گرفتاری کی وجوہات بتائیں کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا، یہ مقدمہ القادر یونیورسٹی کیلیے زمین کے غیر قانونی حصول کا ہے، نیشنل کرائم ایجنسی یو کے کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی غیر قانونی وصولی سے فائدہ اٹھایا گیا۔

احتساب بیورو نے بتایا کہ نیب میں قانونی طریقہ کار کو پورا کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی، تفتیشی عمل کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کو کال اپ نوٹس جاری کیے گئے، یہ دونوں القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی تھے، دونوں کی جانب سے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا۔

نیب نے کہا کہ سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر کیس میں ملوث اور کلیدی کردار رہے، شہزاد اکبر اور عمران خان نے خفیہ معاہدے کی دستاویز چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، 190 ملین پاؤنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع ہونا تھی، 190 ملین پاؤنڈ کو نجی سوسائٹی کے کیس میں ایڈجسٹ کیا گیا جسے سپریم کورٹ نے نمٹایا۔

Comments

- Advertisement -