راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگی قابلیت پر سابق آرمی چیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، عوام کویقین دلاتے ہیں مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لیے ہروقت تیار ہیں اور مسلح افواج دفاع کیلئے ہتھیاروں،جنگی سازوسامان ہمیشہ تیار رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج جنگی وسائل سےبھرپور ہیومن ریسورس کی حامل ہیں، حال ہی میں پاکستان آرمی کے مخصوص ویپن سسٹم پر میڈیا پر بات کی گئی ، بعض ہتھیاروں کےنظام کی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی جنگی صلاحیت قابلیت کے بارے میں میڈیا میں مباحثے ہوئے، میڈیا میں فوج کے ہتھیاروں کے نظام اور جنگی صلاحیت پرسوال اٹھائے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ مباحثے اور دعوے سابق آرمی چیف کےمستقبل کےخطرات کے تناظرمیں ہوئے، سابق آرمی چیف نے ایک آف دی ریکارڈ انٹرایکٹوسیشن میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ان امور پربات کی، جسے میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں پاک فوج کو اپنی آپریشنل تیاریوں اور جنگی قابلیت پر فخر ہے، ہر طرح کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنے ہتھیاروں، سازوسامان اور جنگی وسائل سے بھرپورانسانی وسائل کو ہمیشہ تیار رکھا ہےاور تیار رہے گی۔