رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی دوسری سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور نے بھی ان کی وفات پر خاموشی توڑ دی۔
طوبیٰ انور نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’اپنی زندگی کے دوران عامر لیاقت نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا، میری دعا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی آگے کی زندگی آسان ہو۔
طوبیٰ نے اپنی اسٹوری میں درخواست کی کہ ’میری سب سے درخواست ہے کہ خدارا جن کا نقصان ہوا ہے اُن کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہوئے انھیں تھوڑی پرائیویسی دیں‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال اور تیسری اہلیہ دانیہ ملک کا ردعمل بھی سامنے آچکا ہے جس میں دونوں خواتین نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ تھیں جن سے ان کے دو بچے ہیں جن میں ایک بیٹا احمد اور بیٹی دعا شامل ہیں تاہم 2020 میں بشریٰ نے عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی تھی۔
عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی طوبیٰ انور سے ہوئی لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طوبیٰ نے بھی فروری 2022 میں عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی۔
فروری 2022 میں عامر لیاقت نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی لیکن 3 ماہ بعد دانیہ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر دیا۔