کویت میں ملک چھوڑنے والے غیر ملکی شہریوں پر یکم جولائی 2025 سے نئی پابندی عائد کرنے کے حوالے سے سرکلر جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم شیخ فہد یوسف کی جانب سے سرکلر جاری کیا گیا جس کے مطابق کوئی بھی غیر ملکی یکم جولائی 2025 سے بغیر اجازت ملک نہیں چھوڑ سکے گا۔
سرکلر میں کہا گیا کہ نجی شعبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو کویت چھوڑنے سے قبل اپنے رجسٹرڈ آجر سے ’ایگزٹ پرمٹ‘ حاصل کرنا لازمی ہوگا ورنہ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کویت نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزہ کے حصول میں آسانی کر دی
اس پابندی کا مقصد غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کو مضبوط بنانا جبکہ ملازمین اور آجروں کے حقوق کے درمیان توازن کو یقینی بنانا ہے۔
نئی پابندی کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے نافذالعمل ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی غیر ملکی شہریوں پر اسی طرح کی پابندیاں عائد ہیں جنہیں ملک چھوڑنے اور دوبارہ مملکت ہونے کیلیے اپنے آجر سے ایگزٹ اور ری انٹری پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔
2017 میں قطر نے 2022 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے منتخب ہونے کے بعد اپنے روزگار کے ضوابط میں کئی اصلاحات کی تھیں۔
2018 میں دوحہ نے زیادہ تر غیر ملکی ملازمین کو اپنے آجر کی اجازت کے بغیر ملک چھوڑنے کی اجازت دینا شروع کی جبکہ دو سال بعد گھریلو عملے کیلیے نئے طریقہ کار میں توسیع کی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آجروں کو ملازمین کے پاسپورٹ ضبط کرنے یا انہیں ملک چھوڑنے سے روکنے کا حق حاصل نہیں ہے۔