اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان نے رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء ) کے دوران اشیائے خوردنی کی برآمدات میں 1.27فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے کے ابتدائی پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء ) میں اشیائے خوردنی کی مجموعی برآمدات ایک ارب 51کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد رہیں۔
جو کہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2017-18ء) میں کی جانے والی اشیائے خوردنی کی ایک ارب 49کروڑ 51 لاکھ ڈالر کی برآمدات سے 18کروڑ 95لاکھ 90ہزار ڈالر زیادہ رہیں۔
رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء ) کے دوران برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ آئیل سیڈز اور نٹس میں 140فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ سبزیاں 48فیصد ، باسمتی چاول 24 فیصد، پھل 23فیصد، مسالحہ جات 11فیصد اور گوشت و گوشت کی مصنوعات کی برآمدات میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق ابتدائی پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء ) کے دوران سب سے زیادہ چینی کی برآمدات میں 57فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تمباکو 42فیصد، دیگر چاولوں کی اقسام کی برآمدات میں 16فیصد، مچھلی کی برآمدات میں 13 فیصد اور دیگر اشیائے خوراک کی برآمدات میں 8فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔