تازہ ترین

عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دو مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اداروں کے افسران کے خلاف بیان بازی اور اقدام قتل کے مقدمات میں ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت عالیہ نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی اور چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بتا دیں کہ عمران خان نے مزید کیسز میں کس دن آنا ہے، اسی دن کی تاریخ رکھ لیتے ہیں جس کے بعد عدالت نے دونوں مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ اداروں کے افسران کے خلاف بیان بازی سے متعلق درج ہے جب کہ اقدام قتل کا دوسرا مقدمہ محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں درج ہے۔

Comments