کراچی: شہر قائد میں بکیوں کے بھتہ خوری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اور پولیس کو بکیوں کے ڈان محمد علی عرف بونڈ کی تلاش ہے۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھتہ خوری میں ملوث بکیوں کے ڈان محمد علی عرف بونڈ کی تلاش شروع کر دی ہے، بونڈ کو سی ٹی ڈی نے پہلے بھی گرفتار کیا تھا لیکن ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔
ذرائع سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بونڈ کی تلاش میں مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، محمد علی عرف بونڈ کھارادر کے تاجروں سے بھتہ خوری میں ملوث ہے، اس نے صرافہ اور کپڑا مارکیٹ کے تاجروں کو بھی بھتے کی پرچیاں بھیجیں۔
ملزم سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ لیاری گینگ وار اور دیگر کالعدم تنظیموں کے نام پر بھتہ وصولی کرتا تھا، اور گھاس منڈی میں وسیم بیٹر اور اعجاز میمن کے ساتھ جوے کا اڈا بھی چلاتا تھا، ملزم کے خلاف اسپیشل برانچ کی رپورٹس بھی موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق محمد علی عرف بونڈ کھارادر میں ایک کمرے کے گھر میں رہتا تھا اور گھاس منڈی میں وسیم بیٹر اور اعجاز میمن کے ساتھ جوے کا اڈا چلاتا تھا، لیکن پھر اس نے گھوڑوں کی ریس میں بکی کا کام شروع کر دیا۔
بچے کی موت ٹریفک حادثے میں ہوئی، پولیس میڈیکولیگل میں بچے سے زیادتی پر حیران
بونڈ نے اس کے بعد انڈیا اور انڈر ورلڈ کے ڈان شعیب خان کے ساتھ مل کر کام شروع کیا، پھر اس نے لیاری گینگ وار اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے مل کر صرافہ مارکیٹ کپڑا مارکیٹ کے تاجروں کو بھتے کی پرچیاں بھجوانا شروع کر دیں۔
اچھا خاصا مال جمع کر کے اس نے اپنی کپڑے کی دکانیں کھول لیں اور جائیدادیں بنا لیں اور سفید پوشی اختیار کر کے کالے دھن سے بنایا گیا پیسہ وائٹ کرنا شروع کیا، لیکن اب وہ ایک بار پھر لیاری گینگ وار کے ملزمان کے ساتھ مل کر کھارادر کے تاجروں سے بھتہ وصول کرنے لگا ہے، جس پر اس کے خلاف ایجنسیوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔