کراچی : ڈاکو کے شبے میں شہریوں کے تشدد سے 2 افراد کے بے دردی سے قتل کے واقعے کے عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتادیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مچھرکالونی میں شہریوں کے تشدد سے 2 افراد کے واقعے کے زخمی عینی شاہد پولیس اہلکار کا بیان سامنے آگیا۔
عینی شاہد پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہم لوگ انسدادپولیو ٹیم کے ساتھ موجود تھے، آگے ایک دم بھگدڑ مچ گئی، لوگوں نے بتایایہاں پر بچے اغواکرنے والے آئے ہیں۔
پولیس اہلکار نے کہا کہ ہم جس گلی میں تھے اس کے برابر والی گلی میں یہ واقعہ ہوا، وہاں جا کر دیکھا تو ہمارے پولیس والوں کو بھی عوام مار رہی تھی، بیچ بچاؤکرنے کی کوشش کی تو انھوں نے پتھراؤکیا، میرے سر پر پتھر لگا جس سے میں شدید زخمی ہوگیا۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ایک ٹیلی کام کمپنی کا انجینئر تھا اور دوسرا ڈرائیور تھا،ان کے پاس اسلام آباد نمبر کی گاڑی تھی۔
زخمی پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ میں نے کوشش کی ان کو بچانے کی،جیسے مجھے بلاک لگا ویسے ہی ان کو اینٹیں اور بلاک مارا گیا، 150کےقریب لوگ تھے،2بلاک میری کمر پر مارے گئے۔