میرانشاہ: خیبر پختون خواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں کرونا وائرس ایس او پیز کے مطابق ماسک نہ پہننے پر جرمانہ مقرر کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے ضلع بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ڈی سی شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد علی خان کو 4 جون کو شمالی وزیرستان کا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل وہ نوشہرہ میں ڈی سی کے عہدے پر فائز تھے۔
ماسک پہننا لازمی قرار، خلاف ورزی پر جیل ہوسکتی ہے
یاد رہے کہ چند دن قبل صوبائی وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر کا کرونا ٹیسٹ بھی پازٹیو آ گیا تھا جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
30 مئی کو حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں سمیت پُر ہجوم مقامات پر ماسک لازمی پہنیں۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے تنبیہہ جاری کی تھی کہ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ ہوگی اور ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 3 ہزار جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات کے تحت جیل بھیجا جا سکتا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 5,248 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 144,478 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,729 ہو گئی ہے۔