اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی لیگل ٹیم میں شامل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ فیصلہ آنے پر ہمیں کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ انتقام کا معلوم تھا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ جو لوگ ڈیل کرتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس سے بھی بری ہو جاتے ہیں، جو لوگ ڈیل لیتے ہیں وہ بیماری کا بہانہ کر کے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے وہ پرعزم ہیں اور انہیں یقین ہے وہ سرخرو ہوں گے، سلمان اکرم راجہ نے کیس پر اپیل پہلے سے ہی تیار کر لی تھی تحریری فیصلہ مل گیا ہے جلد اپیل دائر کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے بعد مذاکرات جاری رہیں گے یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ فیصلہ آنے پر ہمیں کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ انتقام کا معلوم تھا، جن لوگوں نے فیصلہ جج کو بھیجا رات کو کچھ مخصوص لوگوں کو لیک کیا، مخصوص لوگوں نے رات کو ہی فیصلے کا بتانا شروع کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے ایک ٹکے کا فائدہ عمران خان نے حاصل نہیں کیا جبکہ ریاست کو ایک ٹکے کا نقصان نہیں ہوا بلکہ اس سے مزید 20 ارب روپے کا منافع ریاست نے حاصل کیا، رقم آج بھی سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود ہے۔
فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی فیصلے کے وقت مطمئن تھے، ان کو جس طرح پہلے دن پایا تھا اسی طرح مطمئن تھے، ٹرسٹ کیلیے زمین جن لوگوں نے عطیہ کی تھی ان کو واپس ہو جائے گی۔