اسلا آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اپوزیشن کی اے پی سی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی سی کا نتیجہ وہی نکلا، آئے بیٹھے بات کی اور چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آل پارٹیز کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے مشہور فارسی کہاوت نقل کی ’نشستند و گفتند و برخاستند‘۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ انھوں نے تو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اپوزیشن مفادات کے لیے ایک ساتھ بیٹھیں گے لیکن حقیقت میں ساتھ ہوں گے نہیں۔
اور توقعات کے عین مطابق اے پی سی کا وہی نتیجہ نکلا- نشستاً گفتاً برخاستاً
آن ریکارڈ کہا تھا کہ یہ صرف اپنے مفادات کے لئے ایک ساتھ بیٹھیں گے، ساتھ نہیں ہونگے۔ کوئی نہ کوئی بہانہ- انشا اللہّ بجٹ بھی پاس ہوگا- ایسی کئ اے پی سیز آئیں گی اور چلی جائیں گی- اپوزیشن کے پلے کچھ نہیں-— Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) June 26, 2019
ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لکھا کہ انشاء اللہ بجٹ ضرور منظور ہوگا، ایسی کئی اے پی سیز آئیں گی اور چلی جائیں گی، اپوزیشن کے پلے کچھ نہیں پڑے گا۔
یاد رہے کہ منگل کو وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ اپوزیشن احتجاج کے لیے باہر نکلے، ہم سہولتیں فراہم کریں گے، اپوزیشن عوام کے لیے نہیں اپنے مفادات کے لیے باہرنکلنا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا: اے پی سی اعلامیہ
خیال رہے کہ اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس کے بعد اعلامیہ جاری کر کے کہا گیا تھا کہ ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال میں اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اب تک کیے جانے والے فیصلوں سے واضح ہو گیا ہے کہ صورت حال قابو میں نہیں ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے اجتماعی استعفوں اور یوم سیاہ کی تجویز بھی دی، تاہم ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے استعفے دینے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا۔