اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

جعلی ویب سائٹس سمیت سندھ پولیس کے سوشل میڈیا پر 97 فیک اکاؤنٹس کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کے 97 جعلی پیجز، اکاؤنٹس اور آئی ڈیز بنا دی گئیں، 5 جعلی ویب سائٹس اور واٹس ایپ پر 21 جعلی گروپس کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر صرف ایک ایک اصل اکاؤنٹ موجود ہے، تاہم نامعلوم افراد نے 97 جعلی صفحات، آئی ڈیز اور اکاؤنٹس بنا دیے ہیں، آئی جی سندھ نے ڈی جی ایف آئی اے کو اس سلسلے میں فوری ایکشن کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

سندھ پولیس کی جانب سے عوام کی آگاہی سمیت اپنی پروگریس رپورٹ جاری کرنے کے لیے فیس بک سمیت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ایک صفحہ، آئی ڈی یا اکاؤنٹ بنائے گئے لیکن نامعلوم جعل سازوں کی جانب سے سندھ پولیس کے 97 جعلی پیجز، اکاؤنٹس اور آئی ڈیز بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

- Advertisement -

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے جعلی اکاؤنٹس چلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایسے تمام اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے لیے اور ان عناصر کی معلومات کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔

سی پی او حکام کے مطابق سندھ پولیس کی 5 جعلی ویب سائٹس، واٹس ایپ پر 21 جعلی گروپ ہیں، فیس بک پر 37، ٹویٹر پر 7، ٹک ٹاک پر 14، انسٹاگرام پر 13 جعلی اکاؤنٹس ہیں جو مجموعی طور پر 97 بنتے ہیں۔

خط میں آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص سندھ پولیس کا جعلی صفحہ اور آئی ڈیز چلا رہا ہے، ان پیجز، اکاؤنٹس اور آئی ڈیز کا سندھ پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ عوام میں سندھ پولیس کے غلط تاثر کی عکاسی کر سکتے ہیں اور کنفیوژن پیدا کرتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ انھیں چلانے والا سندھ پولیس کا ترجمان یا فوکل پرسن نہیں، ایسے تمام پیجز، اکاؤنٹس اور آئی ڈیز کو بلاک کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، اور ان کی تمام تفصیلات سندھ پولیس کو بھی فراہم کی جائیں تاکہ ذمہ دار کے خلاف قواعد کے مطابق قانونی کارروائی کی جا سکے۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں