پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

کویت میں جعلی کرونا ٹیسٹ کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟

اشتہار

حیرت انگیز

کویت سٹی: کویت نے جعلی پی سی آر ٹیسٹ کروانے والے تمام افراد کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کویت میں ایک بھارتی لیب ٹیکنیشن نے لوگوں کو 60 جعلی پی سی آر سرٹیفکیٹ جاری کیے تھے جس پر اسے گرفتار کیا جا چکا ہے، جعلی سرٹیفکیٹ لینے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جعلی پی سی آر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے افراد کی اکثریت کویت سے روانہ ہو چکی ہے جنھیں کویت داخل ہونے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

- Advertisement -

محکمہ فوجداری تفتیش کے مطابق گرفتار بھارتی شہری فروانیہ گورنریٹ میں ایک نجی لیب میں کام کر رہا تھا، اور لوگوں سے 30 دینار کے بدلے بغیر ٹیسٹ جعلی سرٹیفکیٹ جاری کر دیتا تھا، اس رقم میں 6 دینار اس کا کمیشن تھا  جب کہ باقی رقم کلینک میں جمع کی جاتی تھی، حکام نے کلینک بھی بند کرا دیا ہے۔

51 سالہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا، اس نے انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً 60 جعلی سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں، جن کا ڈیٹا اس نے محفوظ رکھا ہوا ہے۔

بھارتی شہری کی اس جعل سازی کا معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیج دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کی نشان دہی بھی ہو چکی ہے، تاہم یہ افراد کویت سے روانہ ہو چکے ہیں، واپسی پر انھیں حراست میں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جعلی کرونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے بھارتی شہری کے خلاف کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی تھی، گرفتاری سے قبل پانچ دن تک اس کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کی گئی تھی، چھاپے کے وقت جعلی سرٹیفکیٹس بھی قبضے میں لیے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں