کراچی: قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے تنقید کیے جانے پر خاموشی توڑ دی۔
اے آر وائی نیو زکی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں کافی عرصے بعد ون ڈے کرکٹ کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ناقدین کی تنقید کا برا نہیں لگتا بلکہ ان کے ہونے سے کارکردگی میں نکھار آتا ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں اچھی پرفارمنس دکھانے کا خواہشمند ہوں۔
فخر زمان نے کہا کہ ٹیم میں میری شمولیت ہو یا کسی اور کی ہر کھلاڑی کا مقصد ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔
اوپنر بیٹسمین نے مزید کہا کہ کیریئر کے دوران اپنی کامیابی سے زیادہ ناکامیوں سے سیکھ چکا ہوں۔
مزید پڑھیں: زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پریکٹس میچز کا آغاز کردیا ہے۔
دو روز قبل کھیلے جانے والے دوسرے پریکٹس میچ میں پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان وائٹ کی جانب سے دیا جانے والا 290 رنز کا ہدف پاکستان گرین نے 45.5 اوورز میں حاصل کرلیا، امام الحق 77 اور عابد علی 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سیریز کا شیڈول:
تیس اکتوبر: پہلا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
تین نومبر: تیسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
سات نومبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ،راولپنڈی
آٹھ نومبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ،راولپنڈی
دس نومبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، راولپنڈی