لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے اہل خانہ کو بڑا ریلیف مل گیا، احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کی اہلیہ اور بھابھی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اکمل خان نے فواد حسن کی اہلیہ اور بھابھی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے رباب حسن اور ڈاکٹر انجم کو اپنی جگہ نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی۔
آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کے ٹرائل کے دوران دونوں خواتین کی جگہ ان کے نمائندے پیش ہو کر حاضری لگوائیں گے، نیب کی جانب سے فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زاٸد ثاثے کیس میں ان کی اہلیہ، بھاٸی، بھابھی سمیت اہل خانہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے، نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے اربوں کے اثاثے بناٸے انھوں نے اپنے فیملی ممبران کے نام پر بے نامی جاٸیدایں خریدیں۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل
ادھر لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران کسی گواہ کا بیان قلم بند نہ ہو سکا، احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گٸی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس پر سماعت کی ،شہباز شریف کی جگہ معاون محمد نواز اور فواد حسن فواد کی جگہ محمد شہباز نے حاضری لگوائی۔
خیال رہے کہ عدالت نے دونوں کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گواہ کا رشتہ دار فوت ہو گیا ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلم بند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت، ایک گواہ کا بیان قلمبند، عدالت نے خواجہ برادران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔