کراچی: پاکستان ریلویز نے کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ ریلوے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، اضافے کا فیصلہ تیل کی قیمتیں بڑھنے پر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 50 کلو میٹر تک سفر پر نہیں ہوگا، اکانومی کلاس کے کرایوں میں 100 روپے سے کم اضافہ کیا گیا، جب کہ اسپیشل ٹرینوں کے کرائے قراقرم ایکسپریس کے برابر رکھے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
یاد رہے کہ تین دن قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوگا، کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا تھا کہ جو ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں ان میں کوئی اضافہ شامل نہیں کیا جائے گا۔
ادھر سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔