پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی گلوکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین نے پہلی بار اپنی علیحدگی سے متعلق گفتگو کی ہے۔
فرحان سعید اور عروہ حسین پاکستان کے سب سے پیارے مشہور جوڑے میں سے ایک ہیں، انہیں مداحوں کی طرف سے ہمیشہ بہت پیار اور نیک خواہشات ملی ہیں۔
انہوں نے اپنے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں لیکن انہوں نے نہ صرف ایک دوسرے کے کیریئر میں ساتھ دیا ہے بلکہ ایک دوسرے کے خاندانوں کے ساتھ بھی کھڑے نظر آئیں ہیں۔
View this post on Instagram
اس جوڑی کی علیحدگی کی خبریں نومبر 2021 میں سامنے آئی تھیں اس دوران دونوں کے درمیان دو سال سے اختلافات اور علیحدگی کی خبریں آنے کے باوجود دونوں نے واضح طور پر کبھی ان خبروں کو مسترد نہیں کیا اور نہ ہی ان کی تصدیق کی تھی لیکن اس کے کچھ وقت بعد دونوں نے صلح کرلی تھی۔
حال ہی میں فرحان اور عروہ نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
جوڑے نے انٹرویو میں کہا کہ علیحدگی ہماری زندگی کا ایک مشکل مرحلہ تھا، اس دوران ہمارے دونوں طرف کے والدین نے اہم کردار ادا کیا، دوبارہ تعلق قائم کرنے میں سب سے اہم چیز ایک دوسرے کی عزت تھی۔
فرحان سعید نے کہا کہ ہمارے درمیان مسائل ہونے کے باوجود ہم نے کبھی بھی ایک دوسرے پر پبلک میں آکر الزام نہیں لگایا اور ہمیشہ اپنے رشتہ اور خاندان کی عزت کی حفاظت کی۔
گلوکار فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ہم نے اس دوران ایک دوسرے کے خاندانوں کی عزت کی اور اپنے تعلق کی اہمیت کو سمجھا، یہی وجہ تھی کہ ہم دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آ سکے ہیں۔
گلوکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی شریکِ حیات کے پیٹھ پیچھے اس کی بات کرنا مناسب نہیں ہوتا اس سے پرہیز کرنا چاہیے، جوڑے نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے شریکِ حیات کی عزت اور احترام سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔