لاہور : ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق کسان اتحاد کے تحت گنے کی کرشنگ لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر سیکڑوں کسانوں کااحتجاجی دھرنا رات گئے بھی جاری ہے، مظاہرین نے مذاکرات میں ناکامی کے بعد سڑک پر ہی بستر بچھالیے ہیں۔
ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے اور کسانوں کی سابقہ ادائیگیاں بھی کی جائیں۔
کسان اتحاد کے تحت احتجاجی دھرنا دینے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔
نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ کسانوں نے شہر سے باہر جانےوالی سڑک کو ٹریفک کےلیے کھول دیا تھا تاہم شہر میں داخل ہونے والی سڑک تاحال بند ہے۔
نمائندہ اے آر وائی کے مطابق مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد کسانوں نے خون جما دینے والی سردی میں سڑک پر ہی بستر بچھالیےہیں۔
کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون کیلئے اقدامات کرینگے، وزیراعظم عمران خان
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور ان مالی معاونت کیلئے اقدامات کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں تحقیق کو یکسر نظرانداز کیا گیا، زرعی شعبے کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا اہم ترین ایجنڈہ ہے، زرعی شعبے کے زوال کو قلیل مدتی اقدامات سے بہتری میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔