اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ پارک لین سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں، جج صاحبان نے 14جولائی کا وقت دیا ہے ہم فائٹ کریں گے، انشااللہ ہمیں انصاف ملے گا اور زرداری صاحب بری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا آصف زرداری پارک لین میں ڈائریکٹر نہیں، پارک لین سے تو آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں، کیس میں گورنراسٹیٹ بینک نے ریفرنس نیب کو نہیں بھیجا۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نہ تو قرض لیا نہ ہی ان کا کوئی تعلق ہے، ان کے خلاف سیاسی کیس بنتے رہے ہیں، اللہ کاشکرہےآصف زرداری ہرکیس میں بری ہوئے، امید کرتاہوں کہ اس باربھی ہمیں انصاف ملےگا۔
انھوں نے کہا کہ آصف زرداری صاحب کومختلف بیماریاں ہیں، ان کوڈاکٹروں نےمکمل آرام کامشورہ دیاہے، اسپتال میں علاج کرانے سے کورونا کا خطرہ تھا۔
مزید پڑھیں : پارک لین ریفرنس : آصف زرداری پر فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی
آصف زرداری کے وکیل کا کہنا تھا کہ جج صاحبان نے14جولائی کا وقت دیا ہے ہم فائٹ کریں گے، انشااللہ ہمیں انصاف ملےگااور زرداری صاحب بری ہوں گے۔
یاد رہے احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت شریک ملزمان پرفردجرم کی کارروائی پھر موخر کردی اور نیب سے آصف زرداری کی نئی درخواست پر 14 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا مجھےاپنی درخواست پردلائل دینےکےلیےوقت درکار ہے، 9 جولائی کو کراچی میں کیس لگاہے ،آئندہ منگل تک کا وقت دےدیں ، ہم تیاری کرکےآئیں گے، جس پر جج اعظم خان نے کہا تھا ہم9جولائی کاوقت دے رہے ہیں اس سے زیادہ نہیں دے سکتے۔