کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سیاسی دفاتر کھلوانے اور حکومتی کارروائیاں رکوانے کے لیے امریکہ سے مدد طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد کی خفیہ ہدایات پر فاروق ستار اور نسرین جلیل کی امریکی سفارتکاروں سے خفیہ ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکاروں سے ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں نے 90 کھلوانے اورحکومت پاکستان کو ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے مدد طلب کر لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم کی سینیئر قیادت امریکی اور دیگرغیرملکی سفارتکاروں سے مسلسل رابطے میں ہے، گزشہ روزکراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل سے ڈاکٹر فاروق ستار اورنسرین جلیل نے خفیہ ملاقات کی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم رہنماوں نے امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے بند سیاسی دفاتر کھلوانے اور ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی کارروائی کو روکنے کے لیے امریکہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماوں نے امریکی اہلکاروں سے مزید کہا کہ اگر ان کے خلاف یہی صورتحال رہی تو کراچی میں ان کے لیے کام کرنا مشکل ہو جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرفاروق ستار اور نسرین جلیل نے ایم کیو ایم قائد کی ہدایت پر کراچی میں امریکی سفارتکاروں سے ملاقات کی۔