کراچی: ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے 4 مئی کا جلسہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا اور بہادر آباد پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق فاروق ستار نے روانگی سے قبل کہا کہ عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹنکی گراؤنڈ میں دو جلسے نہیں، ایک جلسہ ہونا چاہیے، اس لیے وہ اپنے جلسے کا اعلان واپس لے رہے ہیں.
فاروق ستار نے کہا کہ کسی نے مجھ سے یہ نہیں کہا کہ پانی کا مسئلہ ہے یا بجلی کا، مسئلہ یہ ہے کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے، تو مہاجروں کی یکجہتی کو بھی بچانا ہوگا.
انھوں نے کہا کہ یہ نہ تو یہ پی آئی بی، نہ ہی بہادرآباد کا جلسہ ہے، یہ ایم کیوایم پاکستان کا جلسہ ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، جلسہ ہوگا، تو مخالفین کیا کریں گے.
فاروق ستار نے کہا کہ خالد مقبول کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے لئے تیار ہوں، کنوینئر، ڈپٹی کنوینئر کے چکر کے بجائے متحد ہو کرجلسہ کریں گے.
انھوں نے کہا کہ نہ تو کامران ٹیسوری، نہ ہی عامرخان مسئلہ ہیں، اس لیے 4 مئی کو جلسہ نہ کرنے اور آج ہی بہادر آباد جانے کا اعلان کرتا ہوں.
یاد رہے کہ آج بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے ٹنکی گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاروق بھائی 5 مئی کو جلسے میں آئیں باقی معاملات بھی طے کرلیں گے۔ اب فاروق ستار اپنا جلسہ ملتوی کرکے بہادر آباد پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
فاروق بھائی 5 مئی کو جلسے میں آئیں باقی معاملات بھی طے کرلیں گے، خالد مقبول صدیقی
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔