کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد حسنین کو بالنگ ایکشن کلیئر ہوتے ہی ایک اور خوشخبری مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر محمد حسنین کو دی ہنڈرڈ لیگ میں شمولیت کی آفر آگئی ہے، انہیں یہ پیشکش دی ہنڈرد لیگ میں شریک ٹیم اوول انونسیبل نے کی ہے۔ فرنچائز اوول انوینسیبلز نے محمد حسنین کا انتخاب اوورسیز وائلڈ کارڈ پک کے طور پر کیا ہے۔
دی ہنڈرڈلیگ کا دوسرا سیزن رواں سال اگست میں شروع ہوگا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حسنین نے کہا کہ دی ہنڈرڈ سیریز کیلئے اپنے انتخاب پر بہت خوش ہوں، میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں، دی ہنڈریڈ پچھلے سال کی طرح بہت دلچسپ لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنیل نارائن، جیسن رائے اور کورن برادرز جیسے ستاروں کے ساتھ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔
خیال رہے کہ فاسٹ بولر محمد حسین کا بولنگ ایکشن آج ہی کلیئر قرار دیا گیا ہے، حسنین کا بولنگ ایکشن رواں برس کے آغاز میں بگ بیش لیگ میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد فاسٹ بولر کا ٹیسٹ لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں ہوا اور اُن کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: محمد حسنین کے بولنگ ایکشن سے متعلق اہم خبر
محمد حسنین نے آئی سی سی سے منظور شدہ لاہور کے ٹیسٹنگ سینٹر میں اکیس مئی کو دوبارہ باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ دیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے اس رپورٹ کا بھی جائزہ لینے کے بعد اس کی تصدیق کی اور انہیں دوبارہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بولنگ کی اجازت مل گئی۔