پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کے ابھرتے فاسٹ بولر پولیو محمد علی انسداد پولیو مہم میں پولیو ورکرز کے شانہ بشانہ ہو گئے ہیں اور عوام کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان سلطانز کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد علی جنہوں نے اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے ہر بیٹر کو پریشان کر رکھا ہے اور جاری پی ایس ایل 9 میں 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں اب موذی مرض پولیو کو پاکستان سے آؤٹ کرنے کے لیے پولیو ورکرز کے شانہ بشانہ ہو گئے ہیں۔
ان دنوں ملک بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم جاری ہے۔ اس موقع پر فاسٹ بولر محمد علی نے پولیو ٹیموں کی سپورٹ میں بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان قطروں سے محروم بچہ پولیو کا آسان شکار ہو سکتا ہے اس لیے آئیں سب مل کر پولیو کو آؤٹ کریں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری انسداد پولیو کی قومی مہم کا آج تیسرا روز ہے اور دو روز کے دوران ایک کروڑ 34 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
یہ مہم سیوریج کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے تناظر میں منعقد کی جا رہی ہے جو تین مارچ تک جاری رہے گی۔
اس حوالے سے پنجاب پولیو پروگرام کے سربراہ خضر اقبال کا کہنا ہے کہ قومی ہیروز کی سپورٹ پولیو کے خاتمے کے لیے اہم ہے اور پولیو پروگرام اس حوالے سے پاکستانی ہیروز کا مشکور ہے۔