شکر گڑھ: شکرگڑھ میں سنگدل باپ نے اپنی دو پھول جیسی بیٹیوں کو زندہ دفنا دیا، ایک بچی دم گھٹنے سے چل بسی جبکہ دوسری اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑرہی ہے جبکہ پولیس نے سفاک باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اکیسویں صدی میں بھی کئی لوگ جہالت کے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ، شکر گڑھ میں سنگدل باپ نے اپنے ہاتھوں سے دو پھول جیسی بیٹیوں کو زندہ دفنا دیا۔
آٹھ سال کی مریم اور بارہ سال کی زینب کو باپ نے زندہ قبر میں اتارا تو بابا کے اس اقدام کو معصوم بچیاں سمجھ نہ سکیں، دم گھٹنے سے مریم جان سے گئی مگر زینب کو اہل علاقہ نے موقع پر پہنچ کر بچالیا۔
پولیس کے مطابق زینب کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں جبکہ واقعہ گھریلو جھگڑے پر پیش آیا۔
ایس ایچ او شعیب کامران کا کہنا ہے کہ لواحقین کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا، ملزم کے خلاف 302کے تحت مقدمہ درج کیاجائے گا۔
دوسری جانب مذہبی اسکالر مفتی نعیم کا کہنا ہے بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے کی رسم زمانہ جا ہلیت میں تھی، انہوں نے کہا کہ قتل کرنا تو ویسے ہی بہت بڑا جرم ہے، اپنی بچیوں کو قتل کرنے والے باپ کو سخت سزا ملنی چاہئے۔