غزہ : اسرائیلی فوج نے بمباری سے الجزیرہ ٹی وی کے رپورٹر انس الشریف کے والد شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ میں واقع انس الشریف کے مکان کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے الجزیرہ ٹی وی کے رپورٹر انس الشریف کے گھر پر بمباری کی ، جس کے نتیجے میں انس الشریف کے والد شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ میں واقع انس الشریف کے مکان کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔
عرب میڈیا نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے نومبر میں صحافی انس الشریف کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا، جس میں اسرائیلی فوج نے رپورٹر کو کوریج کرنے سے روکا تھا، رپورٹر کی جبالیا کیمپ سے رپورٹ نشر ہوئی تھی۔
گذشتہ روز اسرائیل نے ایک اور فلسطینی صحافی محمد ابو سمرہ کو شہید کر دیا تھا، محمد ابو سمرہ کو غزہ کے شمال میں اسرائیلی اسنائپر نے نشانہ بنایا۔
اس سے قبل صہیونی فوج نے جبالیہ کیمپ پر بمباری کرکے الجزیرہ کے صحافی مومن الشرافی کے پورے خاندان کو شہید کردیا تھا، مومن الشرافی کے اہل خانہ کے اکیس افراد شہید ہوئے تھے۔
یاد رہے سات اکتوبر سے اب تک اسرائیل کےحملوں میں چھیاسی صحافی، میڈیا ورکرز جاں بحق ہوچکے ہیں۔