بھارت کی ریاست بہار میں پولیس نے سفاک باپ کو گرفتار کر لیا جو 5 سال سے اپنی کمسن بیٹیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ ضلع بنکا کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سفاک باپ کے ساتھ ایک اور ملزم بھی اس میں ملوث ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے متاثرہ لڑکیوں کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی بڑی بیٹی کے ہاں جنوری میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ چلڈرن فاؤنڈیشن کی ذیلی تنظیم کیلاش ستیارتھی کو اس بارے میں اطلاع ملی تھی جس کے بعد یہ معاملہ منظرِ عام پر آیا۔
متعلقہ: سگے باپ کا 11 سالہ بیٹے اور 2 بیٹیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کا لرزہ خیز انکشاف
تنظیم کے ضلعی کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ جیسے ہی ہمیں اس بارے میں خبر ملی ہم نے فوری ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، ضلع چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ضلع کے سینئر پولیس افسران کو اطلاع دی۔
پولیس نے گاؤں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا۔ متاثرہ لڑکیوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد نے انہیں 5 سال تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ لڑکیوں کے مطابق جب والدہ والد کو ایسا کرنے سے روکتی تھیں تو وہ انہیں مار پیٹ کر گھر سے نکال دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج کر لیا، عدالت کے حکم پر لڑکیوں کا طبی معائنہ کروایا جائے گا۔