اوکاڑہ: گھریلو جھگڑے پر باپ نے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کرڈالا اور موقع سے فرار ہوگیا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ بچے کے قاتل باپ کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ، جہاں نواحی گاؤں 25 ٹو آر میں گھریلو ناچاقی پر سفاک باپ نے ڈیڑھ سالہ بیٹے صارم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ڈیڑھ سالہ بچے کو اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ دم توڑ گیا، فائر مارنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان عرصہ دراز سے جھگڑا چل رہا تھا، ملزم مقصود اپنی بیوی صباء رانی کو سسرال سے لینے کیلئے آیا تھا، بیوی کے انکار پر بیٹے کو فائر مار کر قتل کردیا جبکہ بیوی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
بیٹے کی موت پر والدہ صباء پر غشی طاری ہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے نواحی گاؤں میں ڈیڑھ سالہ بچے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کی زیر قیادت ٹیم تشکیل دے دی ہے، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ بچے کے قاتل باپ کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔