کراچی: گزشتہ روز جشن آزادی کے موقع پر کراچی کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب افسوس ناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد کا بیان سامنے آ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز آئی سی آئی پل کے قریب حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی بچوں کے والد نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے گھر والوں کی اجازت کے بغیر موٹر سائیکل نکال کر گھومنے نکلے تھے۔
معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز کا ٹریفک حادثہ موٹر سائیکل بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا تھا، والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑے بیٹے نے چھپ کر جیب سے چابی نکلوائی تھی اور دوسرے بچوں کو جشن آزادی منانے کے لیے باہر لے گیا تھا۔
ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی
بچوں کے غم زدہ والد نے بتایا کہ بچے ڈھائی بجے کے آس پاس گھر سے کھانا کھا کر نکلے تھے، والد کا کہنا ہے کہ انھوں نے بچوں کو اپنے ہاتھ سے سالن نکال کر دیا تھا، چھوٹے بچے کی فرمائش پر کولڈ ڈرنک بھی پلایا، پھر میں قمیص اتار کر لیٹ گیا تو اس دوران چھوٹے بیٹے عبدالہادی نے موٹر سائیکل کی چابی چھپکے سے نکال لی۔
ان کا کہنا تھا کہ انھیں شک بھی ہوا اس لیے قمیص کی تلاشی لی تو پتا چلا کہ بچے چابی نکال کر لے گئے ہیں، تب تک وہ گھر سے نکل چکے تھے، پھر ایک گھنٹے کے بعد کال آئی کہ ٹراما سینٹر پہنچیں۔
بچوں کے والد نے بتایا کہ میرے پوچھنے پر کہا گیا کہ دو بچوں کی حالت خراب ہے، باقی تین ٹھیک ہیں، لیکن جب میں ٹراما سینٹر پہنچا تو سب سے پہلے چھوٹے کو دیکھا، مجھے بتایا گیا کہ ابھی دس منٹ پہلے یہ انتقال کر گیا ہے، جب کہ بڑا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔
واضح رہے کہ جاں بحق دونوں بچوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے، گزشتہ روز کے حادثے میں 2 بچے 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہادی زخمی ہو گئے تھے۔