اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سائنسی بنیاد پر چاند کی رویت پر مطمئن کرنے کے لیے مفتی منیب اور مولانہ پوپلزئی کو وزارتِ سائنس آنے کی دعوت دے دی۔
اے اآر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری سے ملاقات کی۔
فواد چوہدری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے افسران کے ہمراہ قبلہ ایاز کو چاند کی رویت سے متعلق بریفنگ دی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے چاند کے مسئلے کو سائنسی بنیادوں پر حل کرنے پر وزارت کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی چاند دیکھنے کے معاملے پر اختلاف ختم کرانے کی کوشش
قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کی رویت ایپ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاند کے سائنسی مسئلے کو سمجھانے کے لیے میں مفتی منیب ،مولانا پوپلزئی کو وزارت سائنس آنےکی دعوت دیتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مفتی منیب اور مولانا پوپلزئی میرےلئے قابل احترام شخصیات ہیں۔