تازہ ترین

اظہر مشوانی کو اغوا کرکے کہاں لے گئے ہمیں نہیں پتہ، پی ٹی آئی رہنما

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مسرت چیمہ اور قاسم سوری نے کہا ہے کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین کو اغواء کیا گیا ہے، انہیں کہاں رکھا گیا ہے نہیں بتایا جارہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین سمیت 750کے لگ بھگ کارکنان اغواء اور گرفتار کئے گئے، اظہر اور شاہد حسین کو کہاں رکھا گیا ہے؟ ابھی تک نہیں بتایا جارہا، عالمی انسانی حقوق قوانین کے تحت پاکستانی حکمرانوں کی بازپرس کی جائے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ صدر پاکستان کا انتخاب تب تک ممکن نہیں جب تک صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نہیں ہوجاتے، آئین اس بارے میں واضح ہے کہ موجودہ صدر اس وقت تک رہیں گے جب تک نئے صدر کو منتخب کرنے کا عمل مکمل نہیں ہوجاتا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 3دن میں6لوگ آٹا لینے قطار میں کھڑے تھے اور یہ قطار ان کیلئے موت کی قطار ثابت ہوئی اور ہمارے آزاد میڈیا کا حال یہ ہے کہ ایک پروگرام بھی اس ظلم پر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی حکمران خود کو اس کا جوابدہ سمجھتا ہے، بے شرم لوگ۔

اوورسیز پاکستانی گرفتاریوں اور تشدد کیخلاف مغربی ممالک میں آواز اٹھاتے ہوئے شہباز شریف، مریم، راناثناءاللہ، محسن نقوی اور آئی جی پنجاب و اسلام آباد کے ویزے منسوخ کرنے کا مطالبہ کریں۔

پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پچھلے18گھنٹے میں نہیں بتایا گیا کہ اظہر مشوانی، شاہدحسین پر بنائے گئے مقدمات یا ان کو کہاں رکھا گیا ہے؟ ہمیں کوئی معلومات نہیں،
انہوں نے کہا کہ ریاست اغواء کرنا شروع کردے گی تو اس سے ریاست اور عوام کا رشتہ کمزور ہوگا ان کا کام عوام کی خدمت اور تحفظ فراہم کرنا ہے، ان کو دیکھ کرعوام کو تحفظ کی بجائے دہشت کا احساس ہوتا ہے، طاقتور کے گھر کی لونڈی لیکن عام آدمی کے سامنےسلطان راہی بننے والے اغواء کار۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ اظہر مشوانی اورشاہد حسین کو اغواء کیا گیا ہے، ہمارے 800کے قریب کارکنان بنا کسی جرم کے تھانوں اور جیلوں میں بند ہیں، غیرقانونی چھاپے جاری ہیں، آئین پاکستان معطل ہے۔

Comments

- Advertisement -