لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن حملہ آور ہے اور وزیر قوم کی تقسیم میں لگے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے طلال چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ فیض آباد دھرنے تک طلال چوہدری غائب رہے، دھرنا ختم ہوتے ہی جعلی ٹارزن باہر نکل آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ تو سب سے پہلے شہباز شریف نے کیا، پنجاب حکومت کے ترجمان تسلیم کرچکے الیکشن اصلاحات بل حکومت کا تھا، بل سے متعلق حزب اختلاف پر الزام دھرنا ممکن نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ طلال چوہدری اور ان کی وزارت کی کارکردگی قوم نے دیکھی، وہ گمراہی پھیلانے کی کوشش نہ کریں، طلال چوہدری قوم کی تقسیم کے بجائے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بیانات داغنے سے پہلے حکومت اپنے موقف میں یکسوئی پیدا کرے، رنگ برنگی سیاسی شرارتیں عمران خان کا راستہ نہیں روک سکتیں۔
فیض آباد دھرنا کے معاملے کو حکومت کو خود ہی حل کرنا چاہئے تھا، فواد چوہدری
واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا تھا کہ دھرنا ون اور دھرنا ٹو میں صرف داڑھی کا فرق تھا، الیکشن اصلاحات بل کی ترمیم کے خلاف دو بڑے دھرنے اسلام آباد اور لاہور میں دئیے گئے، دونوں دھرنے والوں نے حکومت کو دھوکا دیا۔