جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے قوم نے ووٹ دے کر عمران خان کو عزت دی، آج قوم کو عزت ملی رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ آج پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عمران خان کی وجہ سے عزت مل رہی ہے۔
فواد چوہدری نے بھارت کو للکار کر کہا کہ پاکستان میں گھسنا آپ کی خام خیالی ہے، بھارتی سورما پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے۔
وزیر اطلاعات نے کہا بھارت پاکستان میں گھسنے کی جرأت بھی نہیں کر سکتا، پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی عمران خان نے بھارت کو امن کی دعوت دی، آج بھارت کا دنیا میں مذاق اڑایا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اور اپوزیشن میں صرف ایک جھگڑا ہے، ہم کہتے ہیں پاکستان کے لوگوں کو ان کے پیسوں کا حساب دیں، اپوزیشن کا صرف اتنا ایجنڈا ہے کہ جو پیسے دبا لیے ہیں ان کا حساب نہ لو۔
یہ بھی پڑھیں: سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی کون ہیں
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام نے اس لیے مینڈیٹ نہیں دیا کہ احتساب پر سمجھوتا کریں، ہم نے احتساب پر سمجھوتا کیا تو آپ کا ہاتھ اور ہمارا گریبان ہوگا، حساب لیا جا رہا ہے اس میں کسی جماعت یا گروہ کا کوئی تعلق نہیں ہے، احتساب کا عمل بھی جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست احتساب پر ہونی چاہیے نہ صحت پر، نواز شریف بیمار ہیں تو وزیر اعظم نے کہا جس اسپتال میں جانا ہے بتائیں، اللہ نے آپ کو وسائل دیے ہیں باہر سے ڈاکٹر بلا لیں ہم تعاون کریں گے، یہ کیا بات ہوئی کہ آپ نے صرف لندن علاج کے لیے جانا ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما پر بھی تنقید کی، کہا خورشید شاہ کو نواز شریف کی صحت کی فکر نہیں بلکہ اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔