سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ماحول بنائے، بانی پی ٹی آئی عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات غیر مستحکم ہیں 4 کروڑ ووٹ لینے والے کو کیسے مائنس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی تنہا ہوگئی ہے، ایک ماہ میں 84 لوگ دہشتگردی میں شہید ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی دور میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا تھا، اس وقت ملکی مسائل کا واحد حل گرینڈ ڈائیلاگ ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے، ملکی مسائل کا واحد حل ہے گرینڈ ڈائیلاگ کیے جائیں، پاکستان کی تمام لیڈر شپ اور متعلقہ ادارے بیٹھ کربات کریں۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ماحول بدلنے کی ضرورت ہے۔