اسلام آباد : وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی ائیرفورس کی ناکامی نے مودی کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے روسی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت ہرچیز کا الزام پاکستان پرڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بالا کوٹ سے متعلق عالمی میڈیا کی رپورٹس میں سچائی ظاہرہے، پلواما پربھارتی دانشور، میڈیا بھی کہہ رہا ہے اندرونی کارروائی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی ائیرفورس کی ناکامی نے مودی کے بیانیے کو نقصان پہنچایا، بھارتی فوج، ائیرفورس سے متعلق بیانیے کی کوشش برباد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حملے میں ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ہیں، بھارتی مظالم کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے خلاف نفرت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نریندرمودی نے پلواما واقعہ کو اپنے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کواسپانسرکررہا ہے، بھارت کو مذاکرات اور دہشت گردی کے خلاف شراکت داربننے کی پیشکش کی۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے 5 مارچ کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان جنگی جنون کا شکار نہیں ہوا۔
جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا‘ فواد چوہدری
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مودی اور ان کی پالیسیوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی تعریف کی جارہی ہے، گزرتے وقت کے ساتھ ہم جنگ سے دور ہو رہے ہیں، بھارت کا سمجھدار طبقہ بھی جنگی جنون پر سوالات اٹھا رہا ہے۔