بنگلہ دیش سے پنڈی ٹیسٹ میں شرمناک شکست پر نہ صرف سابق کرکٹرز اور شائقین بلکہ سیاسی رہنما بھی حیران اور طنز کر رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی تاریخی اور شرمناک شکست پر گہرا طنز کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا ہے۔
پاکستان کی پہلی بار بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ ٹیم نے ٹیم میں پس پردہ بہت سارے معاملات چل رہے ہیں، میرے الفاظ یاد رکھیں کہ چیزیں اس طرح نہیں رہیں گی۔
تاہم بنگلہ دیش کی فتح پر محسن نقوی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے مہمان ٹیم کے لیے تہنیتی پیغام جاری کیا تھا جس میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان کے خلاف اس تاریخی فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی تھی۔
اس پوسٹ کو فواد چوہدری نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ کا وژن ہے سر‘‘۔
دوسری جانب سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست پر آڑے ہاتھوں لیا اور اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی پر میرے خیال میں وزیراعظم شہباز شریف کو وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مزید ذمہ داریاں دینے پر غور کرنا چاہیے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی غیر متوقع شرمناک شکست پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کی فتح بھی ہمارے وزیراعظم کا وژن ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بنگلہ دیش نے پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 10 وکٹوں کی شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ یہ فتح مہمان ٹیم کے لیے اس لیے بھی تاریخی ہے کہ بنگلہ دیش نے 23 سال میں پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں زیر کیا ہے۔