لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مودی سے دوستی کر کے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا گیا۔ مودی کے یاروں نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کشمیری قوم عزت دار اور دلیر ہے، عمران خان صاحب کو نیازی کہہ کر پکارا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کا ذکر ہم نے کشمیری عوام سے متعلق نہیں کیا، کشمیری بھائیوں نے ناراضی کا اظہار کیا۔ اس خاندان کا نام اب کشمیری خاندان کے ساتھ نہیں ملایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں نے کہا اس خاندان کا نام ہم سے نہ ملایا جائے، کشمیریوں سے متعلق میرے الفاظ پر ن لیگ نے ہنگامہ کھڑا کیا۔ کشمیری ذات کے دوستوں سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ واحد سیاستدان ہوں جس نے بھارتی میڈیا پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا۔ مشرف نے معاشی طور پر مستحکم ملک آصف زرداری کے حوالے کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے دور میں معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا، رہی سہی کسر مسلم لیگ ن کی حکومت نے پوری کردی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی سے دوستی کر کے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا گیا۔ مودی کے یاروں نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اپنے 5 سالہ دور میں بی بی شہید کے قاتلوں کو کٹہرے میں نہ لا سکے، پیپلز پارٹی حکومت کو درس اور اخلاق دینا چھوڑ دے۔ ایان علی جیسی فنکاروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کیا اخلاقی درس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم اور اویس ٹپی جیسے لوگوں کو بچانے والے ہمیں درس دیتے ہیں۔
فیاض الحسن نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کریں، اپوزیشن کو کوئی مسئلہ ہے تو اس کا قانونی طریقہ کار بھی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احتجاج سے عوامی مسائل بڑھا رہے ہیں۔