کوٹ ادو : جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اتر کر اعلیٰ عہدوں پر بیٹھ جاتے ہیں، ایسے سیاستدانوں کو ملک سے نکالنا ہوگا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہو گئے۔
ان خیالات اظہار انہوں نے کوٹ ادو میں جمیعت علمائے اسلام ف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے آصف زرداری اورعمران خان پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پہلے ایک دوسرے کو کرپشن کا چاچا ماما کہتے ہیں بعد میں یہی چاچے مامے ساتھ ہوجاتے ہیں۔
زرداری کہتا ہے کہ میں نے ایسا چکر چلایا اور عمران خان کواس میں پھنسایا، دوسری طرف عمران خان کہتا ہے کہ میں نے زرداری کو پھنسایا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کس کی ڈگڈگی پر یہ بندروں کی طرح ناچتے ہیں؟
عوام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اترکر ہمارےاعلیٰ عہدوں پربیٹھ جاتے ہیں، وہ کون سی قوتیں ہیں جو انہیں ان عہدوں پر بٹھاتی ہیں؟
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ملک کوجس جنگ میں دھکیلا ملکی ادارے مل کربھی نہیں نکال سکتے، آج ہمیں معاشی طور پر ایشیا کا ٹائیگر ہونا چاہئے تھا مگر ہم بھیک مانگ رہے ہیں، امریکا آج بھی ہمیں اپنےدیئے ہوئے چند سکوں کے طعنے دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی تہذیب ہم پرمسلط کی جارہی ہے، امریکہ بھارت کو طاقتور بناکر پاکستان کا ایٹمی پروگرام تباہ کرنا چاہتا ہے۔ مغربی دنیا پاکستان سے اسلامی اقدار کا خاتمہ چاہتی ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔
مولانافضل الرحمان نے مزید کہا کہ آج کوٹ ادو کےعوام نے ثابت کردیا کہ وہ جے یو آئی ف کے ساتھ ہیں، یہ سرزمین ہمارے بزرگوں کی ہے، جب تک جے یو آئی ہے کوئی جاگیردار تمہارا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، پنجاب کےعوام کو بتائیں غریب کی مدد کو جے یو آئی ف پہنچ چکی ہے۔