تازہ ترین

وقت آگیا ہے کہ مسلم امہ ایک ہوجائے، فضل الرحمان

پشاور : جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ ایک مؤقف اپنا کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے۔

پشاور میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے، فلسطین کے اسپتالوں اور پانی کے ذخیروں پر بمباری کی جارہی ہے۔

غزہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت عوج پر ہے بے گناہ بچے اورخواتین ان کے نشانے پر ہیں، ایک مسلمان بندوق اٹھائے تو دہشت گرد بنادیا جاتا ہے جبکہ اسرائیل نے مظلوموں کے خلاف ایک دن میں کیا کچھ نہیں کیا؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف عرب ممالک کو وحدت کا اعلان کرنا چاہیے اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، عرب ممالک تمام مصلحتوں سے بالا تر ہو کر ایک قوت بن جائیں ،اگر اسلامی ممالک اجازت دے تو ہمارا کارکن ساتھ لڑنے کے لئے بھی تیار ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بیوروکریسی مغرب کے دباؤ میں ہے، اسٹیبلشمنٹ نے یہودیوں کے ایجنٹ کو پاکستان پر مسلط کیا، آج پاکستان آئینی لحاظ سے اسلامی ملک تو ہے لیکن نظریاتی شناخت تبدیل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بالا دستی کا درس دینے والے امریکہ نے جمہوریت کی مخالفت شروع کی، ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اسلامی نظام کو قائم رکھنا چاہتے ہیں، ہم پارلیمنٹ میں نہیں تھے لیکن پھر بھی ہماری آواز توانا تھی۔

کانفرنس سے فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما ڈاکٹر ناجی زہیر نے بھی خطاب کیا، جبکہ حماس کے دوسرے رہنما خالد مشعل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہاریکجہتی کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

- Advertisement -