منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

مولانا فضل الرحمان کی متحدہ کے استعفوں پرثالثی سےمعذرت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم سے ایم کیو ایم کے استعفوں پر ثالثی کا مزید کردار ادا کرنے سےمعذرت کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے استعفوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کیلئے میدان میں آنے والے فضل الرحمٰن فریقین کی غیرسنجیدگی سے دلبرداشتہ ہوگئے۔

جمیعت علما اسلام( ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم سے ملاقات کر کے ایم کیو ایم کے استعفوں پرثالثی کا مزید کردار ادا کرنے سےمعذرت کرلی۔ جبکہ وزیراعظم نے مولانا سے ایک بار پھرثالثی کےلئے درخواست کی۔

دو روز میں وزیراعظم کے ساتھ مولانا فضل الرحمان کی دوسری ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور ایم کیوا یم کے استعفوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر مولانافضل الرحمٰن نے کہا کہ اُنہیں جوذمے داری دی گئی تھی انہوں نے اُسے پورا کر دیا۔ وہ فریقین کو مذاکرات کی میزپرلائے۔ تمام امور طے ہونے کے قریب تھے سمجھ نہیں آتی رکاوٹ کہاں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین غیر سنجیدہ ہیں تو میں جگ ہنسائی کا باعث نہیں بننا چاہتا،اب اِس معاملے پر وزیراعظم خود اپنا کردار اداکریں۔

اُنہوں نے ایم کیوایم اور حکومت کےدرمیان مزیدثالثی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کسی نقطے پر متفق نہیں ہوسکے توہم کیاکرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے قومی صوبائی اسمبلی اور سینیٹ سے احتجاجاً مستعفی ہونے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

جس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کیا، اور ایم کیو ایم کو مذاکرات پر آمادہ کیا، اور دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں